پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل ہوگیا: مریم اورنگزیب

371

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمد للہ ن لیگ نے ایک اور جمہوری و انتخابی سنگِ میل کامیابی سے عبور کرلیا،امیدواروں کے انٹرویو کا سلسلہ مکمل ہو گیا ، پارلیمانی بورڈ جلد اپنے حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2 دسمبر 2023 سے شروع پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل ہوگیا، ملک بھر سے مسلم لیگ( ن )کے 2300 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی زیرِ صدارت پارلیمانی بورڈ نے جمہوری مشق کو انجام دیا، 184 گھنٹے پر محیط عمل میں مرد و خواتین امیدواروں کو بڑی تسلی سے سنا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابی امیدواروں کی سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا، مسلم لیگ( ن) واحد جماعت ہے جو مشاورت کے اتنے بڑے، وسیع اور جامع عمل سے گزری۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اِنشا اللہ پارلیمانی بورڈ جلد اپنے حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔