اسلام آباد: مسلم لیگ(ن)الیکشن سیل کے سربراہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم کسی جماعت سے وسیع تر انتخابی اتحاد نہیں کریں گے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ محدود پیمانے پر کی جائے گی۔
اسحق ڈار نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن سے اچھے تعلقات اور عزت و احترام کا رشتہ ہے لیکن احترام ایک طرف ہے اور انتخابات ایک طرف، سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے اصولی فیصلے نواز شریف اور شہباز شریف کریں گے، ہماری پارٹی نے بھرپور طریقے سے ٹکٹوں کی تقسیم پر کام کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2200 سے زائد امیدواروں کے انٹرویو کیے ہیں تاہم ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ اب اعلی قیادت مشاورت سے کرے گی، ٹکٹیں 12 جنوری سے بہت پہلے فائنل کر دی جائیں گی، تمام امیدواروں سے کہا گیا کہ وہ کاغذات جمع کروا دیں، جن کو ٹکٹ دیے جائیں گے ان کے علاوہ باقی امیدوار کاغذات واپس لے لیں گے۔