پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملہ ہے، شہباز شریف

255

کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملے کے مترادف ہے۔

شہر قائد میں پارٹی کے عہدے داروں اور ن لیگ میں شامل ہونے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ترازو کو ایک لاڈلے کی طرف جھکایا جا رہا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ  کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے سے متعلق حقیقت پر مبنی فیصلہ دیا تھا، جس پر پشاور ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کرکے الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملہ کیا۔ ماضی میں بھی 9 مئی اور عسکری تنصیبات پر  حملہ کرنے والے لاڈلے کو عدالت عظمیٰ میں گڈ ٹو سی یو کہا گیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاڈلےکے حوالے سے عدالتوں کے فیصلوں پر ہمیں بھرپور طریقے سے آواز اٹھانی ہوگی۔ لاڈلے کے ہاتھوں ملک کو تباہ کیا گیا اور اب ایک بار پھر وہی ماحول بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کراچی وہ شہر ہے جو سب سے زیادہ کماتا ہے، اسے گرین لائن کی سب سے پہلے ضرورت تھی۔ شہر پر ٹینکر مافیا کا راج ہے۔