ماسکو:ایران اور روس کے درمیان مقامی کرنسیوں میں تجارت کا معاہدہ ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ماسکو اور تہران حکومتوں نے باہمی تجارت کے لیے امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسیوں میں تجارت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا ہے۔
دونوں ملکوں کے مرکزی بینکوں کے گورنرز کا اجلاس روسی دارالحکومت ماسکو میں ہوا، جس میں باہمی تجارت کے لیے امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسیوں میں کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دےدی گئی۔ اس معاہدے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے بینک اور گروپ مقامی کرنسیوں لین دین کریں گے۔
معاہدے کے بعد روس اور ایران کے مالیاتی ادارے اس طرح کا بینکاری نظام استعمال کر سکیں گے، جس کے لیے سوئفٹ سسٹم کی ضرورت نہ ہو۔ اس سلسلے میں روسی قیادت میں یوریشین اکنامک یونین (یو اے ای یو) کے ارکان نے چند روز قبل ہی ایران کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
یوریشین اکنامک یونین کے ارکان میں بیلاروس، قزاقستان، کرغزستان اور آرمینیا بھی شامل ہیں۔