عمران خان سمیت پختونخوا کے 37 امیدوار الیکشن کمیشن کے نادہندہ

290

پشاور: تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت خیبر پختونخوا کے 37 امیدوار الیکشن کمیشن کے نادہندہ نکلے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جرمانہ ادا نہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔ اس حوالے سے دستاویزات کے مطابق ماضی میں جلسے جلوسوں میں خیبر پختونخوا کے 37 امیدواروں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اور اس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی الیکشن کمیشن کے نادہندہ نکلے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے کئی سابق وزرا، ارکان اسمبلی بھی نادہندگان میں شامل ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا سابق وزرا کامران بنگش، تیمور جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور اشتیاق ارمڑ بھی نادہندہ ہیں۔ پی پی پی کے سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی بھی الیکشن کمیشن کے مقروض نکلے۔ پی ٹی آئی پی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر نے بھی 80 ہزار روپے جرمانہ ادا نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن نے مختلف آر اوز کو امیدواروں سے جرمانے وصول کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جانچ پڑتال کے دوران امیدواروں سے جرمانے وصول کیے جائیں۔الیکشن کمیشن کے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ جرمانے ادا نہ کرنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوں گے۔