باکسنگ ڈے ٹیسٹ:پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کو 241 رنز کی برتری

468

میلبرن: باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کو 241 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق میلبرن میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے ختم ہونے تک میزبان ٹیم نے دوسری اننگز کے دوران 187 رنز بنائے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، اس طرح پاکستان پر آسٹریلیا کو 241رنز کی برتری حاصل ہے۔

قبل ازیں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 194 رنز سے آغاز کیا تھا، جب اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، تاہم صرف 68 ہی رنز مزید بنانے کے بعد پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی، اس وقت بھی آسٹریلیا کو پاکستان پر 54 رنز کی برتری حاصل تھی۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 42، شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ 2،2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، نتھین لائن نے 4 جب کہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بعد ازاں آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا بھی آغاز اچھا نہیں رہا۔ اوپنر عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر 6، مارنوس لبوشین 4 رنز بناسکے۔ مچل مارش اور اسٹیو اسمتھ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم مارش 96 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 50 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے 3،3 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا