نہیں چاہتے کہ پھر کوئی کھلاڑی آئے اور کسی بزدار کو پنجاب پر مسلط کرے، بلاول

249
intervention

سکھر: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ پھر کوئی کھلاڑی آئے اور پنجاب پر کسی بزدار کو مسلط کردے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہے، عوام پی پی کو ووٹ دیں گے۔ عام انتخابات میں لاہور کے پاس کوئی دوسرا آپشن بھی ہونا چاہیے، اس لیے ہم نے تخت لاہور سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، یہاں پیپلز پارٹی کے انتخابی نتائج اچھے ہوں گے۔ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر 10 نکاتی منشور پر عمل کرنے کا موقع ملا تو ہم کرکے دکھائیں گے۔ 8 فروری کو سرپرائز دیں گے کیوں کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ کاغذات نامزدگی کہاں پر چھینے جا رہے ہیں اور کون چھین رہا ہے۔ جو بھی یہ کام کررہے ہیں وہ جواب دیں۔ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر پہلے بھی اظہار مذمت کیا تھا اور اب پھر کرتے لیں مگر کیا پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور شاہ محمود قریشی نے اپنا مؤقف بدلا؟ بلاول بھٹو نے کہا کہ سب سے پہلے تو عمران خان کو توبہ اور پی ٹی آئی کو اپنے اقدامات پر معافی مانگنی چاہیے۔