ہماری حکومت بنی تو غریبوں کیلیے 300 یونٹ تک بجلی مفت کرینگے، بلاول

272

گڑھی خدا بخش: چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد ہماری حکومت بنی تو غریبوں کے لیے 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر نے ایسا سوچا تھا کہ بے نظیر کو راستے سے ہٹا کر پیپلز پارٹی کو ختم کردیا جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا اور پی پی آج بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی میدان میں اترنا بھی جانتے ہیں اور اس کے لیے آج بھی تیار ہیں۔  ہم ان میں سے نہیں ہیں جو انتخابات کو مؤخر کرتے ہیں یا پھر کاغذات نامزدگی چھین کر بھاگ جاتے ہیں۔ ہم ڈٹ کر الیکشن میں حصہ لیں گے اور کامیاب بھی ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن کا انعقاد ہمارا ہی مطالبہ تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات منعقد ہوں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ باقی سیاسی جماعتوں بھی آئیں اور انتخابی میدان میں اتریں۔ کچھ پارٹیاں تو آج بھی پرانی سیاست کررہی ہیں، کسی دوسرے کے کندھوں پر سیاست کی جا رہی ہے لیکن ہم نفرت کی پرانی سیاست کو دفن کردیں گے۔

سابق وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو ہم غریبوں کو 300 یونٹس تک بجلی مفت دیں گے۔تعلیم تک رسائی ہر بچے کو ملے گی اور 5 سال کے دور میں تنخواہیں ڈبل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔ نوجوانوں کی یوتھ کارڈ کے ذریعے مالی مدد بھی ہمارے پروگرام میں شامل ہے۔ ساتھ ہی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ملک بھر میں صحت سہولیات کی فراہمی کا ایسا نظام لائیں گے جو مفت ہوگا۔ ہر ضلعے میں گرین انرجی پارک بنائیں گے۔ بی آئی ایس پی کی طرح کسان کارڈ بھی متعارف کروایا جائے گا۔