کراچی : موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے دکانیں خاکستر، لاکھوں روپے کا نقصان

408

کراچی: صدر کراچی کی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ مارکیٹ کی پہلی منزل تک جا پہنچی جس میں کئی دکانوں کو نقصان پہنچا جب کہ بازار کی گلیوں میں موجود کچھ کیبن بھی جل گئے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے لگنے والی آگ پر پانچ سے زائد فائر ٹینڈرز کی مدد سے قابو پالیا گیا ہے۔

چیئرمین الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن منہاج گلفام نے بتایا کہ شاہ جہاں مارکیٹ، بسم اللہ مارکیٹ، متصل مارکیٹ میں آگ لگی اور تاحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

منہاج گلفام کے مطابق آگ مارکیٹ میں تنگ گلیوں کے باعث پھیلی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

آگ بجھانے والے افسر نے بتایا کہ نقصان پہنچانے والی دکانوں کی تعداد کا تعین کرنا ابھی قبل از وقت ہے کیونکہ دکاندار آگ بجھانے کے لیے دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔