باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا پہلا دن: پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کے 3 کھلاڑی آؤٹ

491

میلبرن: باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے خلاف میچ میں آسٹریلیا کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے جب کہ آسٹریلیا نے 187 رنز بنائے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کی پارٹنرشپ سے 90 رنز اسکور کیے اور اوپنر ڈیوڈ وارنر 38 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

بعد ازاں کینگروز کی دوسری وکٹ 108 رنز پر ضائع ہوئی اور عثمان خواجہ 42 رنز اسکور کرکے میدان سے باہر گئے۔ بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے سے پہلے تک مارنس لبوشین نے 14 اور اسٹیون اسمتھ نے 2 رنز بنائے تھے، تاہم بارش کے بعد کھیل کے دوبارہ آغاز پر دونوں بلے بازوں نے ٹیم کے مجموعی اسکور میں 40 رنز کا اضافہ کیا اور اسٹیون اسمتھ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ کیا گیا۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال، آغا سلمان اور فاسٹ بالر حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا جب کہ شاہین آفریدی اور میر حمزہ کسی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔