ثمرباغ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی پارٹیاں ملک کے استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہیں، جماعت اسلامی افراد کی بجائے قانون کی حکمرانی چاہتی ہے، باقی پارٹیاں افراد یا خاندانوں کے اقتدار کے نظریہ کی حامل ہیں۔
سراج الحق نے کہاکہ ملک میں مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری کی وجہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتوں کی ناکام پالیسیاں ہیں، یہ آیندہ بھی اقتدار میں آئیں تو بہتری کی ایک فیصد بھی توقع نہیں، ان کی ماضی کی کارکردگی اور حالیہ بیانیہ صفر ہے، عوام انھیں پہچان چکے، 8فروری کو جمہور کی حکمرانی کا سورج طلوع ہو گا، خاندانوں اور موروثیت کی سیاست دفن ہو جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر پاکستان کو قائداعظم کے فرمان کے مطابق جدید اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی، جماعت اسلامی 2050ء تک کا ویژن تیار کر رہی ہے، اللہ نے چاہا تو پاکستان قرض دینے والا ملک بن جائے گا، عوام پر 42اقسام کے ٹیکسز ختم کر کے زمین کی پیداوار اور آمدن پر ٹیکس لگایا جائے گا، دولت کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے، معیشت میں بہتری سودی نظام کے خاتمے کے ذریعے ممکن ہے، جماعت اسلامی سود کا خاتمہ کر کے معیشت کو زکوٰة و عُشر کے اصولوں پر استوار کرے گی، مالداروں سے لے کر غریبوں کو دیں گے۔