پشاور:پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی لیکن خیبر پختونخواہ ( کے پی کے) کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔
پرویز خٹک نےکہاکہ پی ٹی آئی دور میں وفاق نے ہمارے بہت سارے حقوق ضبط کیے، 4 سال وفاقی حکومت رہی لیکن اس صوبے کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا، ایک اسکیم نہیں دی گئی، ہمارے فنڈز بند کیے، اس صوبے کے پٹھانوں کو عمران خان بیوقوف سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تو پارٹی بنائی اور ان کو چیلنج کیا کہ میں تو تمہارے مقابلے میں آیا ہوں، میں تمہاری شکل دکھانا چاہتا ہوں کہ تمہاری اس صوبے میں کارکردگی کیا ہے، سیاسی لوگ الیکشن سے پہلے اپنے لیے میدان دیکھتے ہیں، یہ کوئی کفر نہیں ہے، یہ صحیح ہے کہ کوئی پی ٹی آئی میں جائے تو ٹھیک اور اسے چھوڑے تو لوٹا، الیکشن کے بعد الیکٹیبلز بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔