راولپنڈی میں تیل کی پائپ لائن میں لگی آگ تاحال بے قابو ،ریسکیو حکام

381

دھمیال:راولپنڈی شہر کے گاؤں دھمیال کے رہائشی علاقے میں آئل ریفائنری کی پائپ لائن پھٹنے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بڑی آگ نے رہائشی علاقے میں ایک گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ تین فائر ٹینڈرز سمیت چھ ہنگامی گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزید فائر ٹینڈرز کو جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے کیونکہ علاقے کے مکینوں کو ان کے گھروں سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ متاثرہ گھر سے گاڑھا دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 12 سے زائد ریسکیو اہلکار آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا  کہ”آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر موجود ہیں۔ سپلائی لائن پھٹنے سے تیل بہہ گیا، آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں” ۔

حکام کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا تھا تاہم اس پر قابو پانے کے بعد یہ دوبارہ بھڑک اٹھی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کو پائپ لائن میں تیل کی سپلائی بند کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

پائپ لائن پھٹنے سے علاقے کی گلیوں میں تیل پھیل گیا ہے اور بدبو پھیل رہی ہے۔ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔