اسرائیل اور امریکا نے غزہ میں جنگ بندی نہ کی  تو بحیرہ روم بند کردیں گے، ایران

616

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکا اور اسرائیل کو دھمکی دی ہے کہ اگر غزہ  میں فوری  جنگ بندی نہ کی گئی تو بحیرہ روم کو بند کر دیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے اسسٹنٹ جنرل محمد رضا ناغدی نے کہا ہے کہ خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مسلسل مجرمانہ اقدامات بحیرہ روم کی ناکہ بندی کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ غزہ کی سرزمین پر جرائم جاری رہے تو امریکا اور اس کے اتحادیوں کو نئی مزاحمتی قوتوں کے ابھرنے کا انتظار کرنا چاہیے،گزشتہ دنوں  خلیج اور آبنائے ہرمزان اسرائیل اور امریکا کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن گیا تھا، آج دونوں ممالک آبنائے باب المندب اور بحیرہ احمر میں محصور تھے، اگر ان کے جرائم بند نہ ہوئے تو دونوں ممالک کے لیے جلد ہی بحیرہ روم کے راستے بند کردیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ان آبی گزرگاہوں کو کیسے بند کیا جائے گا؟ اس سلسلے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے، کیوں کہ ایران کو بحیرہ روم تک براہ راست رسائی حاصل نہیں ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے حوثیوں کے حملوں کے تناظر میں بحیرہ احمر میں تجارت کے تحفظ کے لیے ایک کثیر القومی فورس کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورس میں شریک ممالک جنوبی بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں مشترکہ گشت کریں گے۔