کراچی:چیئرمین پیپلز پارٹی و سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ، لاہور اور قمبر شہداد کوٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ریلیف ملتا نظر آرہا ہے، پیپلز پارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، ہم اپنے مخالفین کے ساتھ بھی یہ سلوک نہیں چاہتے، مگر سائفر بہت سنجیدہ کیس ہے، جس کی پوری تحقیقات ہونی چاہئیں، یہ قومی سلامتی کی بہت بڑی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن اس لیے لڑ رہا ہوں کہ عوام مشکل میں ہے، چاہتے ہیں صحت کا نظام ہر پاکستانی کے لیے مفت ہو، آج الیکشن جتنا مشکل ہے اتنا کبھی نہیں تھا، ہمارا مقابلہ نہ سیاستدان اور سیاسی جماعت سے ہے، میں اور عوام مل کر بے نظیر بھٹو شہید کا مشن مکمل کر لیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے کہ جس پر عوام بھروسہ کرتے ہیں، خان صاحب کی بات ہے خان صاحب کو رلیف ملتا نظر آ رہا ہے، میں کسی سیاستدان کے خلاف یا انتقامی کارروائی کی بات نہیں کر سکتا، سائفر کیس اہم اشو ہے میں وزیر خارجہ رہا ہوں اس کی حساسیت کو جانتا ہوں، سائفر پر مکمل تحقیقات ہونا چاہیے بہت بڑا ملکی سیکیورٹی بریچ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر انٹرنیشنل میڈیا کو لیک کیا گیا جوڈیشل انکوائری ہو اور اس کا جواب ملنا چاہیے، ہمارا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں ہے ہم اکیلے الیکشن لڑ رہے ہیں، غلطیوں سے سیکھ چکا ہوں، میاں صاحب کا نعرہ تھا مجھے کیوں نکالا اب میاں صاحب کا نعرہ ہو گا مجھے کیوں بلایا۔