بجلی کے بل: کراچی کے شہریوں پر مزید بوجھ

504

آئی ایم ایف کے مطالبات میں جکڑی حکومت کو اصولی طور پر کے الیکٹرک سے نیا معاہدہ نہیں کرنا چاہیے لیکن اْس نے اس کے بجائے کراچی کے شہریوں کے بجلی کے بلوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب شہریوں کو نئے سال کا آغاز نئے بوجھ سے کرنا پڑے گا اور اس کی جو تفصیلات سامنے آئی ہیں اْس میں یکم جنوری سے، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا مجموعی بوجھ 6.15 روپے فی یونٹ ہوگا۔ اس کے علاوہ، کراچی کے لیے 1.52روپے فی یونٹ کا سرچارج بھی شامل ہوگا۔ یوں، کراچی کے صارفین کو بجلی کے بلوں میں7.67 روپے فی یونٹ تک کا اضافہ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ اضافہ پہلے سے بڑھتے ہوئے مہنگائی کے دبائو میں اضافہ کرے گا۔ اصل بات یہ ہے کہ لوڈشیڈنگ، فیول ایڈجسٹمنٹ اوور بلنگ کی مد میں کراچی کے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ ماضی میں حکومت کی جانب سے نجکاری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے جو کام انہیں کرنے تھے نہیں کیے گئے۔ ہو یہ رہا ہے کہ یہ ادارے اپنے حصے کا کام نہیں کررہے ہیں واجبات کی وصولی اور بجلی کے ترسیلی نقصانات کو روکنے کے بجائے صارفین پر اس کا بوجھ ڈالنے کا آسان کام ہے اور وہ یہ کررہے ہیں، جب کے بجلی کے مسئلے کے حل کے لیے دیرپا بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔