کراچی: آرٹس کونسل میں غزہ میں بچوں کا قتل عام بند کرو کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور آرٹس کونسل پاکستان کے تعاون سے آرٹس کونسل میں 2 روزہ فائن آرٹس ورکشاپ بعنوان غزہ میں بچوں کا قتل بند کرو کا انعقادکیا گیا۔
2 روزہ ورکشاپ میں شہر کی مختلف جامعات اور فائن آرٹس اداروں کے طلبہ سمیت سینئر آرٹسٹ خواتین و حضرات نے شرکت کی ۔ورکشاپ کے پہلے روز تمام شرکا نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور فائن آرٹس سے منسوب مختلف صلاحیتوں بشمول ڈیجیٹل ڈیزائن، کیلی گرافی، واٹر کلر پینٹ، کینو یس اور دیگر مہارتوں سے غزہ میں معصوم بچوں کے قتل عام سے متعلق تصاویر اور ڈیزائن تیار کیے۔
افتتاحی تقریب میں آرٹس کونسل کے شعبہ فائن آرٹس کے انچارج محمد ذیشان، گجرات یونیورسٹی کے شعبہ آرٹس کے استاد واجد علی، سینئر آرٹسٹ منور علی ، کاظم شگری اور عبد الوہاب مرزا سمیت جامعہ کراچی کے سابق استاد اویس ، اصغر علی آرٹسٹ، حمیرا بیگ اور دیگر نے شرکت کی اور طلبہ کی رہنمائی کی ۔
ورکشاپ کے دوسرے روز آرٹس کونسل میں فنکاروں کے تیار کردہ نمونوں کی نمائش لگائی گئی، جس میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی اور غزہ میں جاری صہیونی مظالم کی عکاسی کو فنکاروں کی تیار کردہ تصاویر میں مشاہدہ کیا۔
اختتامی تقریب میں فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم ، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان،ایم کیو ایم پاکستان، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما علامہ عقیل انجم ،مسلم لیگ ن کے رہنما پیر اظہر علی حمدانی،مسلم لیگ ق کے رہنما صادق شیخ ،سید مشرف کشمیر رہنما بشیر صدوری،انسانی حقوق کے رہنما جمشید حسین،کرسچن کمینوٹی کے رہنما عمانویل ،ہندو کمیونٹی کے رہنما ،منوج چوہان ،سکھ برادی کے رہنما مگھن سنگھ ،معروف نعت خواں چشتی معاذ نظامی نے خطاب کیا۔