بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی جمع،  شاہ محمود کا عدالت سے رجوع

294

اسلام آباد: جیل میں قید بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے الیکشن کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے ہیں جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی  کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ سے رجوع کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کاغذات  نامزدگی بلال عمر بودلا نے  قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے  جمع کرائے۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں بیرسٹر تیمور ملک نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کروانے کے لیے رکاوٹیں پیدا نا کی جائیں،  شاہ محمود قریشی کے اہلخانہ کو ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے درخواست میں مزید کہاکہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پولنگ تک تمام مراحل میں مکمل تحفظ اور آزادی فراہم کی جائے، شاہ محمود قریشی، زین قریشی، مہربانو قریشی، بیرسٹر تیمور ملک اور ان کے وکیل مہر ضمیر حسین سنڈھل کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز عمران خان نے اڈیالا جیل میں اپنےکاغذات نامزدگی پر دستخط کیے تھے، جو وکیل رائے محمد علی اڈیالہ جیل لے کرگئے تھے، جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا تھا کہ  بانی پی ٹی آئی میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔

خیال رہے کہ عمران خان نیب کے توشہ خانہ کیس میں اڈیالا جیل میں قید ہیں، گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے 5 سال کیلئے نااہلی برقرار رکھی ہے۔