اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات کے تناظر میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرلیا۔
عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت لیول پلیئنگ فیلڈ اور ملک میں عام انتخابات شفاف اور منصفانہ کرانے کی ہدایت دے۔
بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے لیے فریقین کو روکا جائے، نیز عدالت عظمیٰ شفاف انتخابات کے لیے بھی فریقین کو ہدایات جاری کرے۔
درخواست میں مختلف اضلاع کی انتظامیہ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کیے جا رہے۔ آر اوز اور ڈی آر اوز کی جانب سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی نہیں لیے جا رہے۔ پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی نہ لیے جانے کے ساتھ ساتھ کچھ اضلاع میں ڈی آر اوز اور آر اوز کے دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔