لاہور : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے جمہوریت کو زندہ رکھنے کےلئے مضبوط فیصلہ کیا۔اگر کوئی الیکشن سے فرار اور عوام کو جمہوری حق سے محروم کرنا چاہتا ہے تو یہ آئین کے ساتھ غلط ہوگا۔عام انتخابات کیلئے 8 فروری بہت قریب ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے حلقہ خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کو مختص کیا ہے اور ترازو نشان پر ہی الیکشن میں حصہ لے گیں۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت لاقانونیت کا راج ہے،عوام نے مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور عمران خان کو بھی آزمالیاہے۔ ان جماعتوں کے پاس عوام کےلئے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔
نائب امیر جماعت کاکہنا تھا کہ عوام نے جب بھی ہم پر اعتماد کیا ہم اس پرپورے اترے، ہم اپنا منشور اور اپنا صاف ستھرا کردار عوام کے سامنے پیش کریں گے سب کو لیول پلیئنگ ملنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جا ئے۔ لیول پلیئنگ یہی ہے کہ عوام کے سامنے پیش ہو کر الیکشن لڑا جائے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے ایسے میں ہم دعوت دیتے ہیں کہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔