فیصل آباد:امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے حکمران میرجعفراورمیرصادق کی بجائے صلاح الدین ایوبی بن کرآ گے بڑھیں اور غزہ کوبچائیں، اسرائیل اورامریکا کو غزہ میں اور اُن کے غلاموں کو پاکستان میں شکست ہوگی،خواتین کا ووٹ آئندہ الیکشن میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سراج الحق نے کہاکہ 8فروری کا سورج ترازو کی کامیابی کے ساتھ ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن کی نوید لے کر طلوع ہوگا، جماعت اسلامی کی قیادت ہر قسم کی کرپشن ،اقرباپروری کے داغ سے پاک ہے ۔
انہوں نے کہاکہ 25لاکھ فلسطین کی مائیں، بہنیں،بیٹیاں، بزرگ، جوان، بچے اسرائیل، امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی کے بنائے ہوئے بموں کی آگ میں جل رہے ہیں، اسرائیلی جہاز بمباری کر کے موت بانٹ رہے ہیں، اب بھی وقت ہے کہ امت مسلمہ کے حکمران آگے بڑھیں اور غزہ کو بچائیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ میر جعفر اور میر صادق کی بجائے صلاح الدین ایوبی بنیں، باربار امریکا جانے والوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا، جو ڈاکٹر عافیہ کیلئے کچھ نہیں کر سکا وہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلئے کیا کرے گا؟
امیر جماعت اسلامی کہا کہ عوام اب ان کے دھوکے میں نہ آئیں اور جماعت اسلامی کی دیانت دار اور بے داغ قیادت پر اعتماد کریں۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو ان چوروں، لیٹروں اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے حکمرانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے۔