اسلام آباد: پاکستان بار کونسل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کا طرز عمل ملک میں طے عام انتخابات کے لیے شبہات پیدا کررہا ہے۔
اعلامیے میں پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ سکندر سلطان راجا کی نگرانی میں ملک میں عام انتخابات شفاف اور منصفانہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اپنے آبائی حلقے میں 13 لاکھ 82 ہزار کی آبادی پر قومی اسمبلی کے 2 حلقے بنا دیے جب کہ 13 لاکھ کی آبادی کے شہر حافظ آباد میں قومی اسمبلی کی ایک نشست رکھی گئی ہے۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی نشستوں میں عدم توازن سامنے آ رہا ہے۔ گوجرانوالہ میں بھی آبادی کے تناسب کا خیال نہیں رکھا گیا اور قومی اسمبلی کی اضافہ نشست شامل کردی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا طرز عمل انتخابات کے لیے شبہات کو جنم دے رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے طرز عمل سے اس طرح کا انتخابی ماحول پیدا ہو رہا ہے، جو غیر شفاف دکھائی دیتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی نگرانی میں ہونے والی حلقہ بندیوں، انتخابی طریقہ کار اور نشستوں پر شدید تحفظات ہیں۔ پاکستان بار کونسل نے آئندہ عام انتخابات شفاف اور منصفانہ طور پر منعقد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حلقہ بندیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔