عمران خان نے فرد جرم  اور سائفر کیس کی کارروائی چیلنج کردی

218

اسلام آباد:تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے فرد جرم اور سائفر کیس کی کارروائی کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سابق وزیراعظم نے خود پر فرد جرم عائد کیے جانے اور سائفر کیس کی اب تک کی مکمل کارروائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اس حوالے سے دائر درخواست میں  عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اب تک کی سائفر کیس کی مکمل کارروائی کو کالعدم اور غیر قانونی قرار دے کر مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 23 نومبر سے اب تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی انصاف کے تقاضوں کے خلاف اور غیر قانونی ہے۔ ٹرائل کورٹ نے 12 دسمبر کو سائفر کیس میں ہماری درخواست کو مسترد کیا۔ جج نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13 (3) (2) میں لفظ شکایت کی تشریح درست نہیں کی جب کہ قانون میں اس کی تشریح بالکل واضح ہے۔ کرمنل پروسیجر کی دفعہ 4 (h) میں بھی شکایت کے لفظ کو واضح کیا گیا ہے۔

عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق شکایات کا مطلب کسی الزام پر مجسٹریٹ کے روبرو زبانی یا تحریری استدعا ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف زیر سماعت سائفر کیس ایف آئی آر اور پولیس رپورٹ کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ ایک اسپیشل قانون ہے جو عام قانون سے مختلف ہے۔ اسپیشل لا  ہونے کی وجہ سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق کرتے ہوئے قانونی طریقہ کار کو اپنانا ضروری ہے۔