کراچی: شہر قائد کے طلبہ پر کالج کے دروازے بند کئے جارہے ہیں، فیسز میں 185 فیصد تک اضافہ کردیاگیا ہے۔ مرتضیٰ وہاب کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ساتھ سوتیلا سلوک بند کریں۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی (KMC) کے ماتحت کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (KM&DC) کی فیسز میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے۔ اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلہ فیس کو 20,000 سے بڑھا کر 50,000 کردیا گیا ہے، جبکہ سیلف فئنانس کے طلبہ کے لئے یہی فیس 100,000 کردی گئی ہے۔
اسی طرح ٹیوشن فیس کو 50,000 سے بڑھا کر 117,600 کردیا گیا ہے، جبکہ یہی فیس سیلف فائنانس کے طلبہ سے اب بارہ لاکھ (1,200,000) وصول کی جائے گی۔ اس موقع پر رکن اسلامی جمعیت طلبہ کراچی و ممبر سٹی کونسل (KMC) تیمور احمد کا کہنا تھا کہ مرتضی وہاب کالج کو ہاؤسنگ سوسائٹی سمجھتے ہوئے طلبہ سے ترقیاتی فنڈ کے نام پر 30,000 اور 50,000 روپے الگ سے وصول کر رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں فیسز کی مد میں ایسی بھتہ خوری کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
تیمور احمد کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کی فیس میں 80 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس سال مختلف ناموں سے متعارف کرائی گئی نئی فیسز مجموعی طور پر پونے تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہیں پچھلے سال یہی فیس ایک لاکھ روپے تھی۔ جبکہ DOW یونیورسٹی اور سندھ میڈیکل کالج اس سے آدھی فیسز پر دوگنی سہولیات دے رہے ہیں۔
مرتضی وہاب فوری اس فیصلے کو واپس لیں اور کونسل کا اجلاس بلا کر فیسز کے نام پر ان ترقیاتی چارجز کا جواب دیں۔