اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسروں کی تربیت دوبارہ شروع کر دی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ ملک بھر میں دوبارہ شروع کردی گئی ، آر اوز کی تربیت آج 18 دسمبر جبکہ ڈی آر اوز کی تربیت کل 19دسمبر کو مکمل ہو جائے گی، مجموعی طور پر 859 ریٹرننگ آفیسرز اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر افسران آر اوز اور ڈی آر اوز کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی و سرکاری اداروں میں ہر قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہے، الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا جبکہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔