واشنگٹن :امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کیں، سکیورٹی امور پر تعاون جاری ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے آرمی چیف کی ملاقاتوں کے حوالے سے وائس آف امریکہ کے سوال پر اپنے تحریری جواب میں کہا ہے کہ پاکستان اہم اتحادی ہے اورمحکمہ خارجہ اس کے ساتھ مختلف سطحوں پر رابطے میں رہتا ہے۔امریکہ پاکستان کے ساتھ خطے میں سکیورٹی امور اور دفاع کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ جنرل عاصم منیر اپنے پہلے دور امریکہ پر واشنگٹن ڈی سی میں ہیں ، جہاں انہوں نے امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن سے ملاقات کی تھی اور امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے اس ملاقات کے بعد ایک مختصر پریس ریلیز جاری کی گئی تھی۔
امریکہ کے محکم دفاع کی جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی پینٹاگان آمد پر استقبال کیا۔
پینٹاگان میں لائیڈ آسٹن سے جنرل عاصم منیر کی ملاقات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دونوں اعلی حکام نے خطے کی سکیورٹی صورتِ حال اور دفاع کے حوالے سے ممکنہ تعاون کے دو طرفہ امور پر تبادل خیال کیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے بیان میں اس ملاقات کے حوالے سے مزید کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں جب کہ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے بھی اس ملاقات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر اتوار کو پاکستان سے امریکہ کے دورے پر روانہ ہوئے تھے اور منگل کی دوپہر امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی پہنچے۔امریکہ پہنچنے سے قبل جنرل عاصم منیر نے دو روز برطانیہ میں گزارے۔