لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی الیکشن کے خلاف سازش سپریم کورٹ نے ناکام بنادی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے بعد ہونے والی سماعت اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے انتخابات 8 فروری کو یقینی بنانے کا فیصلہ ملک میں جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی جمہوریت اور آئین کے خلاف سازش ناکام بنادی۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے اور اب یہ واضح ہوگیا کہ تحریک انصاف انتخابات سے بھاگ رہی تھی۔