راولپنڈی سے 25 کروڑ روپے تاوان کیلیے اغوا شہری بازیاب، 4 ملزم گرفتار

1861

راولپنڈی: 25 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیے گئے شہری کو پولیس نے بازیاب کروا کر 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے  شہری کو اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان کی جانب سے 25 کروڑ روپے تاوان مانگا گیا تھا جب کہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہری کے اہل خانہ اغوا کرنے والوں کو 15 کروڑ روپے تاوان بھی دے چکے تھے۔

راولپنڈی پولیس نے خفیہ اداروں کی معاونت سے سراغ لگانے کے بعد مغوی کو بازیاب کروایا اور 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔ قبل ازیں ملزمان 15 کروڑ روپے وصول کرنے کے بعد بھی مزید 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کررہے تھے۔

پولیس کارروائی کے دوران مرکزی ملزم پائیو دین خان  ساتھیوں سمیت روپوش ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔