لاہور: عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔
جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں عدالت عالیہ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے بانی چیئرمین تحریک انصاف کی نااہلی کے خلاف درخواست پر ساعت کی، جس میں عمران خان کی طرف سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ایسوسی ایٹ وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل چھٹی پر ہیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہو گا۔
وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ دی گئی ہے، جسٹس شاہد کریم نے کہا ہم نااہلی کیس میں فریقین کو نوٹس کر کے سن لیتے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے تحریک انصاف کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔