بٹگرام:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لیے عوامی اعتمادکی حامل مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، الیکشن کے بروقت انعقاد سے انتشار اور دہشت گردی پھیلانے والے عناصر ناکام ہوں گے۔
امیر جماعت پاکستان نے کہا کہ کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوئی،سابقہ سبھی صاحبانِ اقتدارکی کارکردگی صفر ہے، موجودہ الیکشن میں ان کے پاس کوئی بیانیہ نہیں، یہ مزید باریاں چاہتے ہیں، کارکردگی بتائیں۔
سراج الحق نے کہا کہ سالہاسال سے ملک لوٹا جارہا ہے، ایک ہی ٹولہ نسل درنسل عوام کا خون چوس رہا ہے،انصاف اور احتساب مذاق بن کر رہ گیا، مہنگائی اور بدامنی کے عفریت سے ہرشہری پریشان حال ہے، قوم سے دھوکہ کرنے والوں کو موجودہ الیکشن میں حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے تسلسل کو توڑے بغیر بہتری ممکن نہیں، ووٹ کی طاقت سے اسلامی انقلاب لائیں گے، جماعت اسلامی عام آدمی، پڑھے لکھے نوجوان کو اسمبلیوں میں لے جانا چاہتی ہے ،ملک خاندانوں اور مافیاز کی بجائے جمہور کی حکمرانی سے آگے بڑھے گا۔ امن ، ترقی و خوشحالی نظریہ پاکستان کی پیروی سے ممکن ہے ۔
سراج الحق نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی کی سیاست دو خاندانوں کے گرد گھومتی ہے، پی ٹی آئی پونے چار سال میں کوئی بہتری نہیں لاسکی، قوم نے پی ڈی ایم کی صورت میں 13 پارٹیوں کے اتحاد کی حکومت بھی دیکھ لی، اب اس کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں واحد آپشن موجود ہے۔