مقبوضہ کشمیر کو طاقت کے بل پر زیر کرنے کا بھارتی خواب ادھورا رہے گا، نگراں وزیراعظم

358

مظفر آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقبوضۃ کشمیر کو طاقت کے بل پر زیر کرنے کا بھارت کا خواب ہمیشہ ادھورا رہے گا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارتی عدالت عظمیٰ نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق غیر آئینی اور غیر قانونی فیصلہ دیا ہے، جو کشمیر پر بھارتی تسلط کو جاری رکھنے کے لیے دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی  عدالتوں اور ان کے فیصلوں سے  حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ بھارتی اقدامات اور ناجائز فیصلوں کو مسترد کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔ اقوام متحدہ میں گزشتہ 7 دہائیوں سے مسئلہ کشمیر تاحال حل طلب ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا مکمل حامی ہے اور مقبوضہ وادی کو طاقت کے بل پر زیر کرنے کا بھارت کا خواب ہمیشہ خواب ہی رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی فوج کا ظلم و ستم جاری ہے، پیلٹ گنز کے استعمال سے لاکھوں کشمیریوں کی بینائی ضائع ہو چکی ہے، مگر کب تک کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے؟ یہ مسئلہ صرف اور صرف کشمیریوں ہی کے استصواب رائے سے حل ہوگا۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم چھتیس گڑھ سے لے کر آسام تک سب دیکھ رہے ہیں، ہندوتوا کے نعرے، پہلے قصائی پھر عیسائی یہ سب ہماری نظر میں ہے۔  عالمی برادری کو بھارت میں جاری معاملات کا نوٹس لینا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر کے لیے پاکستان پر 3 بار جنگ تھوپی گئی ہے، اور ہم 3 سو بار بھی کشمیر کی خاطر جنگ کے لیے تیار ہیں۔