پرتھ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے تیار ہے۔ ہم یہاں مقابلہ کرنے نہیں بلکہ آسٹریلیا کو ہرانے کی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہیں کینبرا میں چار روزہ میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی کیونکہ وہ پچ بہت سلو تھی جس پر ابتک ہم آسٹریلیا میں کھیلے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو تاہم وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔یہ بات انہوں نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی یہ ٹیم اس ٹیسٹ فارمیٹ میں سیٹ ہوچکی ہے اور اس نے اپنے ملک کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ ٹیم چیلنج قبول کرنے کے لیے پرجوش ہے اور آسٹریلیا میں اچھا کھیلنا ان کے لیے بہت اچھا ہوگا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھاکہ ہم آسٹریلیا کو یہاں ہرانے آئے ہیں مقابلہ کرنے کے لیے نہیں، اس ٹیم میں ٹیلنٹ ہے اور ہم نے اپنی تیاری میں متعدد باکس ٹِک کیے ہیں۔ لڑکے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پرجوش ہیں اور یہاں وہ جیتنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ابرار احمد اَن فٹ ہوگئے ہیں لیکن باقی لڑکے فٹ اور پوری طرح اس سیریز کے لیے تیار ہیں۔ ابرار احمد پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ ان کا ری ہبلیٹیشن جاری ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک فٹ ہوجائیں گے۔