بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے:وزیراعظم

423
face the law

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تمام اقدار، اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ 

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ہمراہ انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ میں شامل ہے، یہ تاریخی اعلامیہ نسل، رنگ، مذہب، جنس، زبان، سیاسی یا دیگر رائے، قومی یا سماجی بنیاد، جائیداد، پیدائش یا دوسری حیثیت سے قطع نظر ان ناقابل تنسیخ حقوق کا احاطہ کرتا ہے جن کے تمام انسان یکساں حقدار ہیں۔ 

نگران وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔پاکستان نے انسانی حقوق کے مقصد کے لئے اپنی وابستگی کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے جس کی عکاسی ان اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے بھی ہورہی ہے جوپاکستان نے اپنے شہریوں کے وقار اور حقوق کا تحفظ کیلئے کئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے چنداہم اقدامات میں بنیادی انسانی حقوق کے کنونشنز کی توثیق، پاکستان کے آئین میں بنیادی حقوق کی شمولیت ، انسانی حقوق کے قوانین کا نفاذ اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اداروں کا قیام شامل ہے، خواتین، بچوں، اقلیتوں، معذور افراد، بزرگ شہریوں اور خواجہ سرائوں سمیت کمزور آبادی کے حقوق کے تحفظ کے لئے خصوصی قوانین بنائے گئے ہیں۔

ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق قائم کیا ہے ، کمیشن کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کااختیارحاصل ہے ، قومی کمیشن برائے وقار نسواں کو خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مینڈیٹ دیا گیا، بچوں کے حقوق کے قومی کمیشن کو حقوق اطفال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات بشمول حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات کی تحقیقات کا اختیارسونپ دیا گیاہے، اسلام آباد میں فیملی پروٹیکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر تشدد کا شکار ہونے والوں کو عارضی پناہ اور نفسیاتی و سماجی مشاورت فراہم کررہاہے ، اسی طرح زینب الرٹ ریسپانس اینڈ ریکوری اتھارٹی اور ٹرانس جینڈر پروٹیکشن سینٹر اسلام آباد کا قیام بھی انسانی حقوق سے متعلق اہم حکومتی اقدامات ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی حقوق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کے باوجود مطلوبہ سنگ ہائے میل کے حصول میں کئی چیلنجز باقی ہیں۔ انسانی حقوق سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں درپیش پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو دنیا کے دیگر حصوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ جنوبی ایشیا کے خطہ میں بھارت کے غیر قانونی طورپرزیرقبضہ جموں وکشمیرمیں بھارت انسانی حقوق کے تمام اقدار، اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات، جن کا مقصد آبادی میں تبدیلی اور کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم کرنا تھا، جس سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، شناخت، بنیادی آزادیوں سے محرومی اور ظلم وجبر میں مزید اضافہ ہواہے۔