ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے،بلاول

438

کوہاٹ:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسراجیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے، میرا مقصد صرف عوام کے لیے الیکشن لڑنا ہے، نفرت، انتقام اورانا کی سیاست ختم کرکے خدمت کی سیاست کرنا ہوگی۔

کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کوہاٹ کے بزرگوں، بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پیپلز پارٹی کے کا رکنان ،عہدیداران اورتنظیم کا شکر گزار ہوں، پیپلز پارٹی کے یہ کنونشن اور جلسے بہت کامیاب رہے ہیں، عوام نے دنیا میں پیغام پہنچادیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی موجود ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا خیبر پختونخواسے اپنے کنونشنز کا آغاز نہ کریں، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی مسائل ہیں دہشتگرد پھر رہے ہیں، میں نے کہا پیپلز پارٹی کے جیالے ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی قائدعوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کیلئے لڑنے کیلئے تیار ہیں، دوسرے تیار ہوں یا نہ ہوں پیپلز پارٹی کے جیالے ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں پسماندہ علاقوں کے مظلوم عوام کی نمائندگی کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کمزور طبقے کی نمائندگی کی ہے، آج کے تمام بحرانوں اورمسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں غربت اور مہنگائی سے ہے، ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غربت سے مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرا مقصد صرف عوام کے لیے الیکشن لڑنا ہے، نفرت، انتقام اورانا کی سیاست ختم کرکے خدمت کی سیاست کرنا ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی نے 18ویں ترمیم پر عملدرآمد نہیں کیا، ہم مزدوروں کو حق پہنچانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صحت کی مفت سہولت ہر گھر میں ہو۔