اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت قائم کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا، جس کے میٹنگ منٹس جاری کردیے گئے۔
اجلاس میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن بھی شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔کمیٹی کا اجلاس جمعرات کی شام 4 بجے چیف جسٹس آف پاکستان کے چیمبر میں ہوا۔
کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ سول اور فوجداری مقدمات پہلے آئیے پہلے لگائیے کی بنیاد پر سماعت کے لیے مقرر ہوں گے۔ کمیٹی نے 18 تا 29 دسمبر تمام رجسٹریوں میں بینچز کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا۔ 18 تا 22 دسمبر اسلام آباد،کوئٹہ اور کراچی رجسٹری میں ایک ایک بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا ۔
اسلام آباد رجسٹری میں جسٹس سردار طارق مسعود،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللّٰہ پر مشتمل بینچ ہوگا۔ کوئٹہ رجسٹری میں بینچ جسٹس یحییٰ، آفریدی، جسٹس جمال مندوخیل پر مشتمل ہوگا۔ کراچی رجسٹری میں بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عرفان سعادت خان شامل ہوں گے۔
26 تا 29 دسمبر تک جسٹس سردار طارق مسعود چیمبر ورک کریں گے۔ 26تا29دسمبر پشاور رجسٹری میں بینچ جسٹس امین الدین،جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل ہوگا۔ 26 تا29دسمبر کراچی رجسٹری میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل بینچ ہوگا ۔ آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواستیں اور فوری نوعیت کے مقدمات جائزہ لینے کے لیے عدالت میں فکس کیے جائیں گے۔
کمیٹی کا آئندہ اجلاس 4 جنوری کو ہوگا۔