لاہور:پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کی چیمپئین لاہور قلندرز کے بیٹر فخر زمان کو ریلیز کرنے کے معاملے پر بحث زور پکڑ گئی۔
پی ایس ایل قوانین کے مطابق فرنچائزز زیادہ سے زیادہ 8کھلاڑیوں کو ری ٹین کر سکتی ہیں،گزشتہ روز لاہور قلندرز نے فخر زمان کو 8کھلاڑیوں میں ری ٹین نہیں کیا تھا جس کے بعد فخر زمان اب پی ایس ایل 9کے ڈرافٹ میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ریلیز کرنے کے باوجود فخر زمان لاہور قلندرز کا حصہ بن سکتے ہیں، لاہور قلندرز پی ایس ایل ڈرافٹ میں فخر زمان کو اپنی ٹیم کا حصہ بنائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور قلندرز رائٹ ٹو میچ کارڈ کا استعمال کرتے ہو ئے فخر زمان کو پک کر لے گی، ڈرافٹ میں لاہور قلندرز کی پلاٹینم کے پہلے راونڈ کی چھٹی پک ہے،لاہور قلندرز سے پہلے اگر کسی نے فخر زمان کو پک کر لیا تو لاہور قلندرز رائٹ ٹو پک کارڈ کا استعمال کرے گی اور پلاٹینم میں پک ہو جائے گی۔
جس فرنچائز نے فخر زمان کو پک کیا ہو گا وہ دوبارہ اس راونڈ میں کھلاڑی پک کرے گی، لاہور قلندرز رائٹ ٹو میچ کے لیے پلاٹینم کیٹگری کی فیس بھی ادا کرے گی، پلاٹینم کیٹگری میں رائٹ ٹو میچ کی فیس 10ہزار ڈالرز ہے،سی او او لاہور قلندرز ثمین رانا کا کہنا ہے فخر زمان لاہور قلندرز فیملی کا حصہ ہیں، فخر زمان کو ریلیز کرنا ہماری پلاننگ کا حصہ ہے۔