عدالت کا سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گرفتار نہ کرنے کا حکم

445

پشاور: عدالت عالیہ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے اسد قیصر کے علاوہ سابق رکن قومی اسمبلی مجاہد علی خان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک تمام مقدمات میں انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔

مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر کی گئی درخواست کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔  سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل شیرافضل مروت ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسد قیصر کو ایک مقدمے میں ضمانت ملتی تو دوسرے میں گرفتار کیا جاتا ہے۔ اسد قیصر نے پہلے بھی درخواست دائر کی تھی اور حکومت نے جواب میں کہا تھا کہ ان کے خلاف یہ یہ مقدمات ہیں باقی کوئی کیس نہیں۔

وکیل نے کہا کہ 11 ایسے فیصلے ہیں کہ ایک مقدمے میں ملزم کی گرفتاری ہو تو سارے مقدمات میں گرفتار تصور ہوگا۔ اسی ضمن میں سکندر حیات شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف جو مقدمات ہیں ان میں گرفتاری سے روکا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ آج تک جتنے مقدمات درج ہیں ان میں گرفتار نہ کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے سابق اسپیکر اسد قیصر اور سابق ایم این اے مجاہد علی خان کو دوسرے درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا اور سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔