اسلا م آباد:ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپنے وکیل عمران شفیق کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر د ی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران شفیق نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ وزارت خارجہ ڈاکٹر فوزیہ کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کروائے، انہوں نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ گذشتہ ملاقات میں دونوں بہنوں کے مابین شیشے کی دیوار حائل رکھی گئی۔
وکیل عمران شفیق کاکہنا تھا کہ ڈاکٹر فوزیہ صرف بہن سے ملاقات کے لئے ہزاروں میل کا سفر کر کے پہنچیں، اس کے باوجود اس انداز میں ملاقات کروائی گئی جو دونوں بہنوں کے لئے اذیت کا باعث بنے۔
درخواست میں وکیل عمران شفیق نے کہا کہ وزارت خارجہ اور پاکستان قونصل خانہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں ناکام رہا، ڈاکٹر فوزیہ کی واپسی دسمبر کو شیڈول ہے،واپسی سے قبل وزارت خارجہ بلا رکاوٹ بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کرے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزارت خارجہ کو فی الفور ایکشن لینے کی ہدایت کرے۔