پشاور کے ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکہ ، 2 بچے سمیت 4 زخمی

374

پشاو کے ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکے میں 2 بچوں سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس سے زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2بچوں سمیت 4افراد زخمی ہو گئے دھماکے سے بینک کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب موجود دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ۔پولیس نے کہا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ٹیمیں اور سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور یہ پتہ لگایا جارہا کہ دھماکا خیز مواد کب رکھا گیا اور یہ کس گاڑی میں لایا گیا۔ 

دھماکے کے نتیجے میں نجی بینک کا عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا جبکہ ہسپتا ل میں زیر علاج دونوں بچوں کی حالت بھی تسلی بخش بتائی گئی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی ورسک محمد ارشد خان نے کہا کہ یہ بدقسمت واقعہ 9 بجکر 10 منٹ پر پیش آیا، دھماکے کی نوعیت سے متعلق بی ڈی یو کی رپورٹ پر مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ آئی ڈی بلاسٹ ہوا ہے اور دھماکے میں 4 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا ہے، دھماکا میں کون ٹارگٹ تھا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

مئیر میٹرپولیٹن زبیر علی نے کہا کہ ورسک روڈ پر تعلیمی ادارے ہیں اور یہ اہم شاہراہ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آمد و رفت بھی اسی راستے سے ہوتی ہے۔ امن و امان کو خراب کرنے کے لئے یہ واقعہ رونما ہوا۔