مشترکہ انتخابی حکمت عملی، نواز شریف اور فضل الرحمان کی ملاقات آج متوقع

315

لاہور: جے یو آئی (ف) کے رہنما فضل الرحمان آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں مشترکہ سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیڈر نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ون آن میٹنگ میں دونوں سیاستدان آئندہ عام انتخابات میں اپنی جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے پر غور کریں گے۔

نواز شریف اور فضل الرحمان پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا صوبوں کے لیے کمیٹیاں بنانے پر بھی غور کریں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے پیر کو عام انتخابات 2024 کے لیے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔

وہ آج راولپنڈی، اٹک اور چکوال اضلاع سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کر رہے ہیں۔

لندن سے وطن واپسی کے بعد سابق وزیراعظم اپنی پارٹی کی انتخابی تیاریوں کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔