کراچی کے  حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے، حافظ نعیم

585

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی اور سیوریج کی صورتحال شہر کے بڑے مسائل ہیں لیکن یہ معاملات ٹاؤن کی عملی داری میں نہیں آتے ان کا تعلق براہ راست کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے ہے جو کے ایم سی اور قبضہ میئر کی عملداری میں آتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے ٹاؤن چیئر مین و یوسی چیئر مین اپنے اختیارات سے بڑھ کر عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  ٹاؤن چیئر مین کو اختیارات ملے تقریباً ڈیڑھ ماہ ہوگئے ہیں لیکن عبوری مدت کے خاتمے کے بعد یوسیز کی سطح تک اختیارات تاحال منتقل نہیں ہوئے ہیں ، یوسیز چیئر مینوں کو اپنے دستخط سے فنڈ نکالنے کے اختیارات  نہیں اور ابھی تک سابقہ یوسیز کا نظام پوری طرح ختم نہیں ہو سکا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اسٹریٹ لائٹس اور گٹر کے ڈھکن بھی بڑا مسئلہ ہیں،  جماعت اسلامی کے مختب نمائندے اسٹریٹ لائٹس کے  نظام کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں لیکن گٹر کے ڈھکن یوسیز کو جس تعداد میں فراہم کرنے چاہیے تھے وہ فراہم نہیں کیے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی ،جماعت اسلامی کی دیانت دار اور اہل قیادت ہی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ملک کو معاشی و سیاسی بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔