خنکی میں اضافہ: کراچی میں پیرکو رواں موسم کا سرد ترین دن ریکارڈ

397
this winter

کراچی: شہرقائد میں خنکی میں مزیدا ضافہ ہوگیا، پیرکوموسم سرما کا اب تک کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا، گذشتہ روز کے مقابلے میں پارہ 2.4ڈگری کمی سے 15.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ہلکی دھند کی وجہ سے حدنگاہ بھی کم ہوکر3 کلومیٹر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو رواں موسم سرما کا اب تک کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا، سرکاری ڈیٹا مرتب کرنے کے حامل ویدراسٹیشن پرکم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.4 ڈگری کمی سے15.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا (اتوارکوصبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 17.5ڈگری ریکارڈ ہواتھا)۔

شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.5اورنمی کاتناسب 37فیصد رہا، شہر کی فضاؤں پرصبح کے وقت ہلکی دھند چھانے کے سبب حدنگاہ کم ہو کر3کلومیٹرریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ کے وسط میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی، پیرکو سب سے کم پارہ موہنجودڑو میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے3 روز تک شہر میں خنک/ سرد موسم برقرار رہے گا، جبکہ منگل اوربدھ کو کم سے کم پارہ مزید ایک ڈگری کمی سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہےجبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 28 سے 30 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

شہرمیں بدستور سمندری ہوائیں بند رہنے اور بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے چلتے رہنے کی توقع ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم دن میں خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے،میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھاسکتی ہے۔