لاہور: پنجاب میں فضائی آلودگی کے ڈیرے تاحال برقرار ہیں، صوبائی دارالحکومت لاہور آلودگی میں دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر شمار کیا جارہاہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 320 ریکارڈ کیا گیا، کراچی بھی اسموگ کی لپیٹ میں ہے، شہر قائد میں فضائی آلودگی کی شرح 244 ہو گئی، فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کا سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے۔
طبی ماہرین نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اس موسم میں پانی کا استعمال زیادہ کریں، جسم پر خشکی ہونے کی صورت میں سرمیں تیل لگائیں، کچروں کے ڈھیر پر آگ لگانے سے گریز کیا جائے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم خشک اور رات کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے گزشتہ ہفتے کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا تھا اور صوبے بھر کے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے، جس کے بعد لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگیا تھا۔