فوج، عدلیہ اور سیاستدان الیکشن سے قبل راستے کا تعین کریں، شاہد خاقان عباسی

316

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فوج، عدلیہ اور سیاست دان الیکشن سے قبل راستے کا تعین کرلیں، ورنہ انتخابات کے بعد بھی استحکام نہیں آئے گا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے بیانیے سے ہٹ چکی ہے اور وہ اقتدار کی سیاست کررہی ہے۔ نواز شریف لاڈلا ہونے کا تاثر الیکشن کو انعقاد سے پہلے ہی متنازع بنا رہا ہے۔ نواز شریف کو خاموشی چھوڑ کر عوام کے سامنے اپنی سوچ لانی چاہیے کہ وہ ملکی سیاست کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تاخیر ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ فوج، عدلیہ اور سیاستدان انتخابات سے پہلے راستے کا تعین کرلیں، ورنہ الیکشن کے بعد بھی استحکام نہیں آئے گا۔ ن لیگ کی اقتدار کی سیاست سے ملک کے مسائل مزید بڑھیں گے۔ موجودہ سیاست سے مجھے اتفاق نہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی  آئی عمران خان کو عدالتوں سے زبردستی نااہل کروایا گیا تو اس کے اثرات منفی ہوں گے۔ اگر انہیں دی گئی سزا حقائق کی بنیاد پر ہو تو ہی قابل قبول ہوگی۔

انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد ہونے والی ممکنہ خرابیوں سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے انتخابات کا حصہ نہیں بن رہا۔ مجھے پارٹی کی پالیسیوں سے اختلافات بھی ہیں۔