کوئٹہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب ووٹ کی عزت کرائیں،ووٹ کی بےعزتی نہیں۔ میاں صاحب انتظامیہ کی مدد کے بجائے خود الیکشن لڑیں۔
بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھاکہ میاں صاحب سے مطالبہ ہے کہ اپنا نظریہ اور منشوردیں، میاں صاحب انتظامیہ کی مدد کے بجائے خود الیکشن لڑیں۔ ہرالیکشن میں کچھ لوگ تاثر دیتے ہیں وہ حکومت میں آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کا جلسہ جس طرح کرایا اس سے اچھا تاثرنہیں گیا، حکومت میں آنے کا تاثر دینے والوں کو عوام بھرپورجواب دیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی سیاست لانے ک اوقت ہے، وقت آگیا منفی سیاست کے بجائے مثبت سیاست کی جائے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاست ذاتی دشمنی تک پہنچ چکی ہے، ایسی سیاست نہ ہمارے نہ ملک کیلئے بہتر ہے، وقت آگیاپاکستان میں نئی سیاست متعارف کرائیں۔ ملکی مسائل حل کرنے ہیں توپیپلزپارٹی کی حکومت بناناہوگی، ہم سب کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، کوشش میری یہی ہوگی عوام کے مسائل حل کرسکوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں الیکشن کیسے لڑنااور جیتناہے، ہرپچ پر کھیلنا جانتے ہیں،8فروری کو اچھا سرپرائزدیں گے، باقی جماعتوں کا لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ حالات کےمطابق ہے۔ اپنے لیے نہیں سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈمانگتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کوجس روٹ سےشروع ہونا چاہیے تھا ویسے نہیں ہوا، سی پیک میں بہت مواقع ہیں،اس کی کامیابی سےصوبوں کی کامیابی جڑی ہے، بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل سی پیک کے ساتھ جڑا ہے، انتخابات جیت کر بلوچستان میں حکومت بنائیں گے۔