لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں فرسودہ نظام قائم و دائم، لاڈلے بدلتے رہتے ہیں، ایک ہی قبیلے کے لوگ جھنڈے، نعرے اور پارٹیاں بدل کر قوم پر 76برسوں سے مسلط اور اسٹیٹس کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔
سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ نظام سے نجات کے لیے عوام 8فروری کو جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے، انگریز چلا گیا، وفادار چھوڑ گیا، آزادی سے لے کر اب تک قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، اقتدار پر مسلط رہنے والوں نے جائدادوں، کارخانوں میں اضافہ کیا، عوام کو روٹی کا بھی محتاج کردیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اربوں کے قرضے لیے، ملک کو 77 ہزار ارب کا مقروض کیا، رقم کہاں گئی؟ کسی کو معلوم نہیں، ادائیگی کے لیے عوام پر ٹیکسز اور مہنگائی مسلط کردی گئی، حکمرانوں کے شاہانہ خرچوں اور پروٹوکول میں کوئی فرق نہیں آیا، یہ ایکڑوں پر محیط سرکاری محلات میں سرکاری سیکیورٹی کے حصار کے ساتھ مقیم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غریب فٹ پاتھوں پر سوتے ہیں، بچیاں بھیک مانگتی ہیں، بھوک مٹانے کی خاطر غلط کاموں پر مجبور ہیں، مگر اہل اقتدار کو کوئی فرق نہیں۔ حکمرانوں نے ادارے تباہ کیے، تعلیم و صحت کا نظام برباد ہے، ایک عام آدمی کے لیے پینے کا صاف پانی میسر نہیں ، ہر پانچواں شخص یرقان کا مریض ہے، ہرسال کینسر سے ڈیڑھ لاکھ اموات ہوجاتی ہے۔