چین نے غیر ملکیوں کیلئے نیا مستقل رہائشی شناختی کارڈ جاری کردیا

486

بیجنگ: قومی امیگریشن انتظامیہ نے چین میں غیرملکی مستقل رہائشیوں کے لیے شناختی کارڈ کے ایک نیا ورژن کا اجرا شروع کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی امیگریشن انتظامیہ نے بتایا کہ پہلے روز 50 نئے کارڈز کی پہلی کھیپ غیرملکیوں کو جاری کی گئی، جن کی مستقل رہائش کی درخواستیں منظور کی گئی تھیں، نئے کارڈ کے حامل افراد کا تعلق امریکا، جرمنی، برطانیہ، فرانس اور روس سمیت 20 سے زائد ممالک سے ہے اور انہوں نے چین کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

ان میں غیر ملکی اعلی سطح کے انتظامی اور تکنیکی اہلکار شامل ہیں جو طویل عرصے سے چین میں کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ان میں غیرملکی پروفیسرز اور اسکالرزبھی شامل ہیں جو عرصہ دراز سے اہم یونیورسٹیز اور تحقیقی اداروں میں تدریس اور تحقیق کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

موجودہ ورژن میں کارڈ کا بنیادی انداز برقرار رکھا گیا ہے، نئے کارڈ میں چینی قومی پرچم کی علامت کے طور پر پانچ ستاروں والے عناصر شامل کئے گئے ہیں اور اس کے خاکے کو بہتر بنایا گیا ہے،نئے کارڈ میں جعلسازی کی روک تھام کی جدید ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے اور کوائف محفوظ کرنے اور ایپلی کیشن مینجمنٹ سروس تک رسائی کو بہتر کیا گیا ہے۔