اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) پر زور دیا ہے کہ وہ عام انتخابات کے دوران کراچی میں قومی اسمبلی کی ایک نشست پر پارٹی صدر شہباز شریف کی حمایت کرے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے 2018 کے عام انتخابات میں کراچی کے حلقہ این اے 249 سے الیکشن لڑا تھا لیکن انہیں فیصل واوڈا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مسلم لیگ (ن) نے یہ مطالبہ اسلام آباد میں ایم کیو ایم-پی کے ساتھ عام انتخابات 2024 سے قبل انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ہونے والے مذاکرات کے ایک اور دور کے دوران پیش کیا۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی رہائش گاہ پر مذاکرات ہوئے جس میں شہباز شریف کا کراچی سے الیکشن لڑنے کا کہا گیا ہے ۔
اجلاس میں ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، سید امین الحق، مسلم لیگ ن کے احسن اقبال، زاہد حامد، بشیر میمن اور خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پی کے رہنماؤں نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے ساتھ روایتی سیٹیں ایڈجسٹ کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ تاہم، ایم کیو ایم پی نے حیدرآباد اور سندھ کے کچھ حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ظاہر کیا۔
ایم کیو ایم پی کے رہنماؤں نے لوکل گورنمنٹ (ایل جی) ایکٹ میں آئینی ترامیم کا چارٹر بھی پیش کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم پی کو زیادہ سے زیادہ تعاون کی یقین دہانی کرائی اور وہ اقتدار میں آنے کے بعد مقامی حکومتوں کے حوالے سے آئینی ترمیم پاس کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بڑے شہروں میں مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں دونوں جماعتیں مل کر کام کریں گی۔