پشاور ہائیکورٹ: الیکشن تک ترقیاتی کام روکنے کا حکم

1337

پشاور: عدالت عالیہ نے آئندہ عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں ترقیاتی کاموں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی، جس میں عدالت نے ترقیاتی کام آئندہ عام انتخابات کے بعد شروع کرنے کے ریمارکس دیتے ہوئے حکم دیا کہ ترقیاتی کام روک دیے جائیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ نگراں حکومت اختیارات  نہ ہونے کے باوجود الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد ترقیاتی کام کروا رہی ہے، جس پر جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ نگراں حکومت کا کام صرف معمول کے کام دیکھنا ہے، الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد ترقیاتی کام کیسے ہو سکتے ہیں؟۔

جسٹس اعجاز انور  نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن ہو رہےہیں ؟  وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے جواب دیا کہ  جی الیکشن ہوں گے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ  بنوں، وزیرستان  اور دیگر علاقوں میں نگراإ حکومت کے آنے سے پہلے کے ترقیاتی کام شروع ہیں، اس سےلوگوں کو فائدہ ہوگا۔

جسٹس اعجاز  انور  نےکہا کہ الیکشن نزدیک ہوں تو  پھر تو منظور نظر لوگ ترقیاتی کاموں پر تختیاں لگاتے ہیں۔ 8 فروری اتنا  دور  نہیں ہے،  الیکشن ہوجائیں تو  پھر ترقیاتی کام شروع کریں، الیکشن کے بعد دیکھیں گے یہ فنڈ خرچ ہوتا ہے یا واپس ہوجاتا ہے۔