اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں، مریم نواز

596
women's day

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاست میں نوجوانوں اور اقلیتوں کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی ترقی ملک کی ترقی ہے، ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے ملک بھر سے نوجوانوں کو عملی سیاست میں شمولیت کا موقع ملے گا۔یہ بات انہوں نے اپنی زیر صدارت مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں اورکارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں عام انتخابات میں نوجوانوں اور مینارٹی ونگ کی بھرپور شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔مسلم لیگ ن کے اجلاس میں ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مریم نوازکا کہنا تھا کہ 2024 پاکستان اور عوام کے لئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کر آ رہا ہے، نوازشریف کی قیادت میں نئے سال سے پاکستان کی معاشی ترقی کا تیز رفتار دور شروع ہو گا، انشااللہ۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف چاہتے ہیں کہ نوجوان عام انتخابات میں سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انتخابی سرگرمیوں میں اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہو گا۔